بلدیہ ٹاؤن کراچی: شادی کے پہلے سال ہی جوڑے کے ہاں پانچ بچوں کی غیر معمولی پیدائش

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ایک حیران کن اور خوش کن واقعہ پیش آیا جہاں شادی کے پہلے ہی سال ایک جوڑے کے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی قبل از وقت پیدائش ہوئی۔ یہ واقعہ نہ صرف والدین کے لیے باعثِ حیرت و خوشی بنا، بلکہ ڈاکٹروں اور اسپتال عملے کو بھی حیران کر گیا۔
نجی اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون کو ایمرجنسی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں فوری طور پر سی سیکشن (آپریشن) کیا گیا۔ آپریشن کے نتیجے میں پانچ نوزائیدہ بچوں کی ولادت ہوئی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیدائش کے وقت بچوں کا وزن انتہائی کم تھا اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔ موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے بچوں کو انتہائی نگہداشت یونٹ (NICU) میں رکھا گیا ہے، جہاں وہ مسلسل ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق نوزائیدہ بچوں کی طبیعت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، تاہم مکمل بحالی تک مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔