ٹیکنالوجی July 20, 2025 Shahbaz Sayed

برطانوی کمپنی ’بو‘ کا الیکٹرک اسکوٹر “ٹربو”، کاروں جیسی طاقت اور قیمت کے ساتھ پیش

لندن: برطانوی الیکٹرک وہیکل کمپنی ’بو‘ نے ایک طاقتور اور جدید ای اسکوٹر “ٹربو” متعارف کرایا ہے، جسے کمپنی نے خود “مونسٹر” قرار دیا ہے۔ کمپنی کے سی ای او آسکر مورگن کا کہنا ہے کہ ٹربو کی تخلیق کے دوران ٹیم کو جلد احساس ہوگیا کہ وہ ایک عام اسکوٹر نہیں، بلکہ ایک “مونسٹر” تیار کر رہے ہیں۔

آسکر مورگن کے مطابق، ای اسکوٹرز نے شہری سطح پر نقل و حرکت کے انداز کو تیزی سے تبدیل کیا ہے، تاہم وہ اب بھی مین اسٹریم آٹوموٹیو کلچر میں مکمل طور پر جگہ نہیں بنا سکے۔ ٹربو کی تیاری کا مقصد برقی گاڑیوں کو صرف سہولت تک محدود رکھنے کے بجائے، انہیں کارکردگی کی صفِ اول میں کھڑا کرنا ہے۔

ٹربو اسکوٹر کو 18 ماہ کی مدت میں تیار کیا گیا ہے اور اس کی ابتدائی قیمت 29 ہزار 500 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو کہ ایک عام کار کے مساوی ہے۔

اس ای اسکوٹر میں جدید پاور ٹرین نصب کی گئی ہے، جس میں 24 ہزار واٹ کا ڈوئل موٹر پروپلژن سسٹم موجود ہے۔ اس کے ساتھ 1800 واٹ آور کی مرکزی بیٹری نصب ہے جو بیک وقت تقریباً 1500 آئی فونز کو فاسٹ چارجنگ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹربو نہ صرف طاقتور اسکوٹرز کی دنیا میں ایک بڑا قدم ہے بلکہ یہ برقی نقل و حرکت کی ٹیکنالوجی کو ایک نئی سمت دینے کی کوشش ہے۔