دنیا July 17, 2025 Shahbaz Sayed

ایئر انڈیا حادثہ: بلیک باکس کی تفصیلات نے کپتان پر سوالات اٹھا دیے

12 جون کو احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے المناک حادثے کی تحقیقات میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق، بلیک باکس ریکارڈنگ سے حاصل شدہ معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ کپتان سُومیت سبروال نے خود ہی وہ سوئچز بند کیے جن سے طیارے کے دونوں انجنوں کو ایندھن کی فراہمی ہوتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کے فرسٹ آفیسر کلائیو کندر نے اڑان بھرنے کے فوری بعد حیرت کے ساتھ کیپٹن سے پوچھا کہ اس نے فیول سوئچز کو “کٹ آف” پوزیشن پر کیوں کیا۔ کیپٹن کے پُرسکون انداز نے فرسٹ آفیسر کو پہلے حیران اور پھر خوف زدہ کر دیا۔

یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ 56 سالہ کپتان سُومیت سبروال گزشتہ کچھ عرصے سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ انہوں نے 1994 میں ایئر انڈیا میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ “لائن ٹریننگ کیپٹن” کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار 242 میں سے 241 مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ طیارہ ایک میڈیکل کالج کی عمارت پر گرنے کے باعث مزید 19 افراد بھی جان سے گئے۔

یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک تلخ یاد بن گیا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ پائلٹس کی ذہنی صحت کو نظر انداز کرنا کس قدر خطرناک نتائج پیدا کر سکتا ہے۔