برسلز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افواہیں پھیلانے والے نہ صرف حکومت بلکہ ریاستی اداروں کے بھی مخالف ہیں، لیکن خدا نے مجھے اس ملک کا محافظ بنایا ہے اور مجھے کسی عہدے کی خواہش نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے پاس چین اور امریکا کے تعلقات میں توازن رکھنے کا دہائیوں پرانا تجربہ ہے اور ہم کبھی ایک دوست کے لیے دوسرے کو قربان نہیں کریں گے۔
عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے امن کو تباہ کرنے سے باز رہے، جبکہ افغانستان کو بھی دوٹوک پیغام دیا کہ طالبان کو پاکستان کی طرف دھکیلنے کی پالیسی بند کرے، کیونکہ ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب ہم پر فرض ہے۔
آرمی چیف نے وزیراعظم اور کابینہ کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ جس عزم اور محنت کے ساتھ وہ جنگ کے دوران اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کام کر رہے ہیں، وہ واقعی قابلِ تعریف ہے۔