اولمپک گولڈ میڈلسٹس کے لیے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ، وزیراعظم کا بڑا اعلان

پاکستانی ایتھلیٹس کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ حکومت نے بین الاقوامی مقابلوں میں کامیاب کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقوم میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
نئے حکومتی فیصلے کے تحت اب اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹس کو تین کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، جو اس سے قبل صرف ایک کروڑ تھا۔ سلور میڈل جیتنے والوں کو دو کروڑ جبکہ برونز میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
فیصلے کے مطابق، ونٹر اولمپکس، پیرا اولمپکس اور ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹس کے لیے بھی ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز میں سلور میڈل پر 70 لاکھ اور برونز میڈل پر 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 75 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، جبکہ اسلامک گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں کو 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
اسی طرح برٹش جونیئر اور یو ایس اوپن جونیئر ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک کروڑ روپے انعام کی منظوری دی گئی ہے۔ ایشین انڈور گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والوں کو 20 لاکھ، اور سیف گیمز میں یہ انعام 10 لاکھ روپے ہوگا۔
یوتھ اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹس کے لیے 50 لاکھ، جبکہ ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے والے کھلاڑیوں کو 75 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
حکومت نے خصوصی کھلاڑیوں کو بھی انعامی نظام میں شامل کیا ہے۔ اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز، بلائنڈ اور ڈیف اسپورٹس میں شریک ایتھلیٹس کے لیے بھی انعامی رقوم مختص کر دی گئی ہیں۔
وزیراعظم کے اس فیصلے کو کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ اسے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ایتھلیٹس کے حوصلہ افزائی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔