کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے بالآخر صارفین کے طویل مطالبے کے بعد آئی پیڈ کے لیے خصوصی ورژن لانچ کر دیا۔ کمپنی کے مطابق صارفین کافی عرصے سے آئی پیڈ کے لیے ایک بہتر اور آپٹیمائزڈ انسٹاگرام تجربہ چاہتے تھے، اسی لیے اس ورژن کو بڑے اسکرین ڈیزائن کے مطابق تیار کرنے میں وقت لیا گیا۔
انسٹاگرام کے نئے ورژن میں آئی فون کے مقابلے میں نمایاں فرق موجود ہے۔ آئی پیڈ کا آسپیکٹ ریشو (Aspect Ratio) مختلف ہونے کی وجہ سے یہ ایپ فیڈ کے بجائے براہِ راست ریلز (Reels) سیکشن میں کھلتی ہے، جس سے ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ زیادہ بہتر ہو جاتا ہے۔
اس ورژن میں اسٹوریز (Stories) اسکرین کے اوپری حصے میں دکھائی دیتی ہیں، جبکہ میسجنگ فیچر صرف ایک ٹیپ کی دوری پر دستیاب ہے تاکہ صارفین فوری پیغامات بھیج اور وصول کر سکیں۔
کمپنی نے ایک نیا ’فالوئنگ‘ ٹیب بھی متعارف کرایا ہے جس میں تین اہم آپشنز شامل ہیں:
آل (All): فالو کیے گئے اکاؤنٹس کے علاوہ انسٹاگرام کی جانب سے تجویز کردہ پوسٹس اور ریلز۔
فرینڈز (Friends): صرف ان اکاؤنٹس کی تجویز کردہ پوسٹس اور ریلز جنہیں صارف فالو کرتا ہو اور وہ بھی صارف کو فالو کرتے ہوں۔
لیٹسٹ (Latest): وقت کے حساب سے ترتیب دی گئی پوسٹس اور ریلز، جس میں سب سے تازہ پوسٹ سب سے اوپر نظر آئے گی۔
ماہرین کے مطابق اس اپ ڈیٹ کے بعد آئی پیڈ صارفین کو انسٹاگرام استعمال کرنے میں زیادہ آسانی اور بہتر بصری تجربہ حاصل ہوگا۔ کمپنی کو امید ہے کہ یہ نیا ورژن آئی پیڈ صارفین کی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرے گا۔