ٹیکنالوجی August 3, 2025 Shahbaz Sayed

“امریکا میں تابکار چھتہ دریافت — بھِڑوں کا گھونسلا 10 گنا زیادہ شعاعیں خارج کرتا رہا”

امریکا میں ایک ایسا انوکھا اور خطرناک واقعہ پیش آیا ہے جس نے سائنسدانوں اور ماحولیاتی ماہرین کو چونکا دیا — جنوبی کیرولائنا کے شہر آئکین کے قریب، سیویناہ ریور سائٹ پر ایک تابکار بھِڑوں کا چھتہ دریافت ہوا جو معمول سے 10 گنا زیادہ شعاعیں خارج کر رہا تھا!

یہ انکشاف امریکی محکمہ توانائی کی 27 جولائی کو جاری کردہ رپورٹ میں کیا گیا۔ چھتہ اُس وقت دریافت ہوا جب اہلکار معمول کی جانچ پڑتال کے دوران ایک پرانی نیوکلیئر فضلے کی ٹینک کے قریب ایک پوسٹ کا معائنہ کر رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فضلے کے ٹینک سے کسی قسم کا لیک یا رساؤ نہیں ہوا، اور غالب امکان ہے کہ چھتہ اس جگہ موجود “لیگیسی کنٹیمینیشن” یعنی پرانی، سرد جنگ کے دور کی بچی ہوئی تابکاری سے متاثر ہوا ہو۔

چھتے پر اسپرے کر کے بھِڑوں کو مار دیا گیا اور پورے چھتے کو ریڈیولوجیکل ویسٹ (تابکار فضلہ) سمجھ کر مخصوص احتیاط کے ساتھ ہٹا دیا گیا۔ خوش قسمتی سے زمین یا اطراف کے علاقے میں آلودگی نہیں پھیلی۔

لیکن معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔

“سیویناہ ریور سائٹ واچ” نامی نگران ادارے نے اس سرکاری رپورٹ کو نامکمل اور غیر اطمینان بخش قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ رپورٹ یہ واضح نہیں کرتی کہ:

  • تابکار شعاعیں چھتے تک کیسے پہنچیں؟

  • بھِڑیں اس سے کیسے متاثر ہوئیں؟

  • کیا علاقے میں مزید ایسے چھتے موجود ہیں؟

یہ سوالات تشویش کا باعث ہیں اور ماہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ مزید تحقیقات کی جائیں تاکہ عوامی صحت اور ماحول کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔