پاکستان July 27, 2025 Shahbaz Sayed

الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت، 71 چارجنگ اسٹیشنز کو لائسنس جاری

قومی توانائی بچت و تحفظ اتھارٹی (نیکا) کے ایم ڈی ڈاکٹر معظم سردار نے بتایا ہے کہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ سہولیات کے نظام کو تیزی سے فروغ دیا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق، اب تک 30 سے 35 ورکنگ چارجنگ اسٹیشنز نے باقاعدہ رجسٹریشن کے لیے نیکا سے رجوع کیا ہے، جبکہ متعدد بین الاقوامی اور مقامی کمپنیاں الیکٹرک وہیکل چارجنگ انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر معظم کے مطابق، نیکا نے اب تک 71 الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو لائسنس جاری کر دیے ہیں۔ یہ اقدام ملک میں ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 128 چارجنگ اسٹیشنز کی درخواستیں فی الحال رجسٹریشن کے مختلف مراحل میں ہیں۔ ان میں نہ صرف چارجنگ اسٹیشنز بلکہ بیٹری سوائپنگ انفرا اسٹرکچر لگانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

نیکا کی جانب سے بین الاقوامی اور ملکی کمپنیوں کے ساتھ معلومات کا مسلسل تبادلہ جاری ہے، اور کئی سرمایہ کار کمپنیاں درکار دستاویزات مکمل کرنے کے مراحل میں ہیں۔

ڈاکٹر معظم سردار نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت نے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے ٹیرف کم کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کمپنی تمام ضروری دستاویزات مکمل کر لے تو صرف 15 دن کے اندر لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے، تاکہ سرمایہ کاری کے عمل میں تاخیر نہ ہو اور ای وی سیکٹر کی ترقی میں تیزی آ سکے۔