شارجہ میں جاری سہ فریقی کرکٹ سیریز میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دی۔ اس کامیابی کے بعد افغان ٹیم نے ایک متاثر کن اقدام اٹھاتے ہوئے اعلان کیا کہ کھلاڑیوں کی میچ فیس کنڑ کے زلزلہ متاثرین کو عطیہ کی جائے گی۔
افغان ٹیم کے اس فیصلے کو کرکٹ شائقین اور عوام کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو مدد ملے گی بلکہ کھیل کے ذریعے انسانیت کی خدمت کا پیغام بھی دنیا تک پہنچے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل افغانستان کے صوبے کنڑ میں آنے والے ہولناک زلزلے نے تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں 800 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ زلزلے نے ہزاروں لوگوں کو بے گھر کر دیا اور متعدد علاقے ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ اقدام متاثرین کے لیے امداد کا سلسلہ شروع کرنے کی ایک کڑی ہے اور ٹیم مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کو سہارا دیا جا سکے۔
افغان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی فتح کو متاثرہ خاندانوں کے نام کرتے ہیں۔