دنیا July 26, 2025 Shahbaz Sayed

اطالوی وزیراعظم میلونی: فلسطینی ریاست کے حق میں ہوں، مگر قیام سے پہلے تسلیم نہیں کیا جا سکتا

اطالوی وزیراعظم جورجیا میلونی نے اطالوی اخبار “لا ریپبلیکا” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فلسطین کے بارے میں اپنا مؤقف واضح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کی حامی ہیں، لیکن اس کے عملی وجود سے پہلے تسلیم کرنے کو درست نہیں سمجھتیں۔

میلونی نے کہا:

“اگر کسی ایسی چیز کو کاغذ پر تسلیم کر لیا جائے جو حقیقت میں وجود ہی نہیں رکھتی، تو ایسا لگ سکتا ہے جیسے مسئلہ حل ہو چکا ہے، حالانکہ وہ اصل میں برقرار رہتا ہے۔”

ان کے بیان سے ایک روز قبل، اٹلی کے وزیر خارجہ نے بھی کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عمل اسی وقت ہونا چاہیے جب نئی فلسطینی قیادت اسرائیل کو تسلیم کرے۔

یہ موقف اس وقت سامنے آیا ہے جب فرانس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ ستمبر اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکا اور اسرائیل نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی ہے۔

دریں اثنا، جرمنی نے بھی اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ:

“فی الحال فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ہماری اولین ترجیح مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل کی جانب عملی پیش رفت ہے۔”