وزارتِ خارجہ کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار جدہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں غیر معمولی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ اجلاس او آئی سی سیکرٹریٹ جدہ میں منعقد ہوگا۔
اسحاق ڈار کا جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مستقل نمائندہ پاکستان برائے او آئی سی فواد شیر، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق اور جدہ میں قونصل جنرل خالد مجید نے استقبال کیا۔
اجلاس میں فلسطین کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ او آئی سی وزرائے خارجہ اسرائیلی جارحیت، غزہ پر فوجی کنٹرول کے منصوبے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے، اسرائیل کے تمام مقبوضہ علاقوں بشمول بیت المقدس سے انخلا کا مطالبہ کریں گے اور غزہ پر فوجی کنٹرول کے منصوبے کو واضح طور پر مسترد کریں گے۔
پاکستان اجلاس میں فلسطینی عوام کے لیے فوری انسانی امداد کی فراہمی پر بھی زور دے گا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبے کو دہراۓ گا۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار کی اہم رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔