انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ میں اداکارہ صحیفہ جبار نے کھلے دل سے اعتراف کیا کہ ان کے کہے گئے کچھ الفاظ نہ صرف دوسروں کو دکھ پہنچاتے رہے بلکہ ان کی اپنی شخصیت پر بھی منفی اثر ڈال گئے۔
انہوں نے لکھا کہ انٹرویوز اور پوڈکاسٹس کے دوران ادا کیے گئے جملوں پر انہیں گہرا افسوس ہے اور سمجھداری سے کام نہ لینے پر وہ شرمندہ ہیں۔ صحیفہ نے تسلیم کیا کہ انہوں نے الفاظ کے اثرات کو نظرانداز کیا اور لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی، جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
اداکارہ نے مداحوں، اہل خانہ اور دوستوں سے دلی معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو ان کی باتوں سے تکلیف پہنچی ہے تو وہ معاف کر دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بات کرتے وقت الفاظ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ صحیفہ جبار ماضی میں بھی ڈپریشن جیسے ذہنی مسائل پر کھل کر بات کر چکی ہیں اور اس حوالے سے کئی مداحوں کو حوصلہ دے چکی ہیں۔