سیاست July 27, 2025 Shahbaz Sayed

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا چھوٹ، اطلاق 25 جولائی سے

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو ویزے سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے، اور اس فیصلے کا اطلاق 25 جولائی 2025 سے ہو چکا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ 24 جون 2025 کو ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اس ویزا چھوٹ پر اتفاق کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے، جس کے مطابق یہ سہولت دستخط کے 30 روز بعد نافذالعمل ہو گئی ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ یو اے ای کے حکام نے اس فیصلے کو باقاعدہ فعال کر دیا ہے، جس کے تحت اب پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کے لیے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سہولت کا دائرہ متحدہ عرب امارات کے شہریوں تک بھی وسیع کیا گیا ہے، جو اب پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر ویزا کے بغیر داخل ہو سکیں گے۔

یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ سفری آسانیوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔