کھیل August 3, 2025 Shahbaz Sayed

“ننھی پاکستانی فائٹر فاطمہ نے دنیا کو حیران کر دیا — انڈوں کے ساتھ 302 پنچز، نیا عالمی ریکارڈ!”

صرف 11 سال کی عمر میں، پاکستان کی ننھی سپر گرل فاطمہ نسیم نے دنیا کو حیران کر دیا۔ ایک منٹ میں دونوں ہاتھوں میں انڈے تھام کر 302 فل ایکسٹینشن پنچز لگا کر نہ صرف مہارت، رفتار اور درستگی کا بے مثال مظاہرہ کیا، بلکہ ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا!

یہ چیلنج معمولی نہیں تھا۔ ذرا سی لغزش، اور انڈوں میں دراڑ آتی تو ساری محنت ضائع ہو جاتی۔ مگر فاطمہ نے اعتماد، توازن اور ناقابلِ یقین کنٹرول کے ساتھ چیلنج مکمل کیا — اور دنیا کو دکھا دیا کہ ہمت عمر کی محتاج نہیں ہوتی۔

فاطمہ نے 250 پنچز کے سابق عالمی ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر اپنی ویب سائٹ پر تسلیم کیا ہے۔

یہ فاطمہ کا پہلا کارنامہ نہیں — وہ صرف سات سال کی عمر میں اپنا پہلا ریکارڈ قائم کر چکی تھیں۔ اب تک وہ چار بار بھارتی ریکارڈ ہولڈرز کو شکست دے چکی ہیں، جن میں کئی تجربہ کار مارشل آرٹس انسٹرکٹرز بھی شامل ہیں۔

اس بے مثال کامیابی کے بعد، فاطمہ نے یہ کارنامہ پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل عاصم منیر اور پوری پاک فوج کے نام کیا ہے، یہ کہہ کر کہ:

“میری طاقت اور جذبہ پاکستان کے محافظوں سے ہے۔”

فاطمہ نے وزیراعظم شہباز شریف، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے تاکہ وہ اپنے خوابوں اور مستقبل کے منصوبوں پر بات کر سکیں۔