وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کی شہزادی اور کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے انہیں نانگا پربت سر کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے حوصلے، عزم اور ہمت کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ شیخہ اسماء کو پاکستان کی “ماؤنٹینز اینڈ ٹورازم” کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قطری کوہ پیما نے پاکستان کے بلند و بالا پہاڑوں کی خوبصورتی دنیا کو دکھائی، اور ان کی یہ کامیابی قطر اور پاکستان کے درمیان دوستی کی ایک خوبصورت علامت ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 5 کا میزبان ہے، اور یہ ملک ایڈونچر ٹورازم کے لیے ایک شاندار مقام ہے۔
ملاقات میں انہوں نے نوجوانوں کو ایڈونچر ٹورازم میں شامل کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
جواب میں شیخہ اسماء نے پاکستان کے پہاڑی علاقوں کی تعریف کی اور کہا کہ اب تک کے ان کے تمام مہماتی تجربات میں کے-ٹو سب سے خوبصورت چوٹی ہے۔
وزیراعظم نے انہیں دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ حکومت غیر ملکی کوہ پیماؤں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ قطر کی شہزادی شیخہ اسما آل ثانی نے حال ہی میں 8,126 میٹر بلند نانگا پربت کو سر کر کے وہاں اپنے ملک کا پرچم لہرایا تھا۔
بعد ازاں حکومت پاکستان نے انہیں باضابطہ طور پر پاکستانی پہاڑوں اور سیاحت کی برانڈ سفیر مقرر کر دیا۔
نانگا پربت سر کرنے والی قطری شہزادی پاکستان کی سیاحت کی برانڈ سفیر مقرر
