نارووال: وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کے لئے بڑے اعلانات

نارووال: وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کے لئے بڑے اعلانات - اردو خبریں

نارووال کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس بڑے چیلنج سے نمٹنے کے لیے وفاق، صوبوں اور تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پیشگی اطلاعات کے نظام کی وجہ سے اس بار بڑے پیمانے پر نقصان سے بچنے میں مدد ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ابھی سے ڈیموں اور چھوٹے ذخائر کی تعمیر پر کام شروع کیا جائے تو آئندہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر اور سیالکوٹ ریجن میں غیر معمولی بارشوں کے باعث دریاؤں میں شدید طغیانی آئی ہے۔ خانکی اور قادرآباد میں 10 لاکھ کیوسک کا ریلہ موجود ہے جبکہ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر بھی پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نارووال اس وقت سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے اور غیر معمولی بارشوں کے باعث صورتحال مزید بگڑی، تاہم پیشگی اطلاعات کے نظام کی بدولت لوگوں کا محفوظ انخلا ممکن ہوا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ متاثرین کی امداد کے لیے تمام ادارے سرگرم عمل ہیں، ایک ہزار فیلڈ کلینک قائم کیے گئے ہیں اور مویشیوں کے لیے چارہ اور پانی کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے نارووال کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف اور ریسکیو کی کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنائے بغیر مستقبل میں ایسے بحرانوں سے نمٹنا مشکل ہوگا۔

وزیراعظم نے متاثرین کی مدد کرنے والے تمام اداروں، افواجِ پاکستان اور سول انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فصلوں اور گھروں کی تباہی کا معاوضہ دیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے فضائی جائزہ بھی لیا اور سیلابی صورتحال پر متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ لی۔ روانگی سے قبل لاہور سے نارووال جاتے ہوئے دونوں رہنماؤں کے درمیان ریلیف اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ نارووال پہنچنے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں، بحالی کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مزید تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مصنف کے بارے میں

Shahbaz Sayed

مزید مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *