تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر پروٹیز بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ایڈن مارکرام نے 82، کپتان ٹمبا باووما نے 65 اور میتھیو بریٹزکے نے 57 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ مقررہ 50 اوورز میں جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز اسکور کیے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن 60 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد کیشو مہاراج کی تباہ کن بولنگ نے انہیں بکھیر کر رکھ دیا۔ کپتان مچل مارش نے 88 رنز بنا کر مزاحمت کی لیکن دوسرے بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔
آسٹریلوی اننگز 186 رنز پر سمٹ گئی۔ کیشو مہاراج نے صرف 33 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کر میچ کا نقشہ بدل دیا، جبکہ ناندرے برگر اور لنگی نگیدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔