سیاست July 19, 2025 Shahbaz Sayed

مون سون الرٹ: خطرناک عمارتیں فوری خالی کریں، شرجیل میمن کی اپیل

کراچی: سینئر صوبائی وزیر سندھ، شرجیل انعام میمن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک عمارتیں فوری طور پر خالی کریں اور حکام سے مکمل تعاون کریں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے مون سون بارشوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ بلدیاتی اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ان کی 24 گھنٹے موجودگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق، ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے فوری اقدامات کیے جائیں۔ نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس کی موجودگی یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

خطرناک عمارتوں کی نشاندہی

کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں 59 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے 10 عمارتیں قومی ورثہ قرار دی گئی ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کی تکنیکی کمیٹی شہر بھر میں مسلسل سروے کر رہی ہے تاکہ ایسی عمارتوں کی نشاندہی ہو سکے جو شہریوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

اب تک 41 انتہائی خطرناک عمارتیں خالی کرا کے سیل کر دی گئی ہیں۔

رین ایمرجنسی سینٹر قائم

متوقع بارشوں کے پیش نظر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں 24 گھنٹے فعال “رین ایمرجنسی سینٹر” قائم کر دیا گیا ہے، جو فوری رسپانس کے لیے متحرک رہے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کی سلامتی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور مون سون کے دوران کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔