33 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر نے کیریبیئن پریمیئر لیگ میں فابیئن ایلن کو آؤٹ کرکے اپنے کیریئر کا ایک اور سنگ میل عبور کیا اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل کرلیں۔
اب تک وہ 343 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر 22.54 کی اوسط سے یہ شاندار ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ محمد عامر مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 400 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے نویں اور دوسرے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ افغانستان کے راشد خان کے پاس ہے جنہوں نے 658 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے ڈی جے براوو 631 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اسی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 590، جنوبی افریقہ کے عمران طاہر 549، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 499، ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل 485، انگلینڈ کے کرس جورڈن 438 اور پاکستان کے وہاب ریاض 413 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔