قلات میں پاک فوج کا کامیاب آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا صفایا

بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بروقت اور مؤثر آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ “فتنۃ الہندوستان” کے ٹھکانے کو نشانہ بنا کر آٹھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ابتدائی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں بھارتی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آپریشن کے اگلے مرحلے میں مزید سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں کی گئیں، جس کے دوران مزید چار دہشت گرد مارے گئے اور ایک اہم ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ناکام
پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دشمن کے ایجنٹوں کے خلاف کارروائیاں اسی عزم سے جاری رکھے ہوئے ہیں کہ ملک کا ہر انچ دشمن عناصر کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھا جائے گا۔
صدرِ مملکت اور وزیر داخلہ کا خراجِ تحسین
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے قلات آپریشن میں دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
“سیکیورٹی فورسز نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔”
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی اداروں کو سراہتے ہوئے کہا:
“بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں، یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستان میں فتنے کے لیے کوئی جگہ نہیں۔”