فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان زخمی، علاج کے لیے امریکا منتقل

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اپنی نئی فلم “کنگ” کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ممبئی میں اس وقت پیش آیا جب فلم کے ایک ہائی اوکٹین ایکشن سین کی عکس بندی کے دوران شاہ رخ خان کی کمر پر چوٹ آئی۔ اگرچہ چوٹ شدید نہیں ہے، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے باعث وہ ایک ماہ کے لیے کام سے دور رہیں گے۔
حادثے کی تفصیلات اور فلم کی تاخیر
ذرائع کے مطابق، شاہ رخ خان نے سین کے لیے خود اسٹنٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس دوران انہیں چوٹ لگی۔ ماضی میں بھی وہ متعدد بار شوٹنگ کے دوران زخمی ہو چکے ہیں، جن میں 2017 میں فلم ’زیرو‘ کے دوران گردن پر لگنے والی چوٹ شامل ہے، جس پر بھی انہیں امریکا میں علاج کروانا پڑا تھا۔
حادثے کے بعد فلم ’’کنگ‘‘ کی پروڈکشن عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق اس تاخیر سے فلم کے بجٹ میں اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم پروڈیوسرز اداکار کی صحت کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔
فلم ’کنگ‘ کی خاص بات
فلم ’’کنگ‘‘ کی ہدایت کاری ابتدا میں کہانی نویس سوجوئے گھوش کے سپرد تھی، تاہم بعد ازاں ’’پٹھان‘‘ کے ہدایتکار سدھارتھ آنند نے یہ ذمہ داری سنبھالی۔ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی، جو اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔ فلم میں باپ بیٹی کے جذباتی تعلق کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا، جس سے کہانی میں گہرائی پیدا ہو گی۔
فلم میں ابھیشیک بچن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پروڈیوسرز کی کوشش ہے کہ فلم 2026 کے آغاز میں ریلیز کی جائے۔
مداحوں کی دعائیں اور فلم کا مستقبل
شاہ رخ خان کے مداح ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ گزشتہ برس ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ جیسی سپر ہٹ فلموں کے بعد شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کو ایک نئے عروج پر پہنچایا ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ فلم ’’کنگ‘‘ ان کے کیریئر کا ایک نیا، طاقتور باب ثابت ہو گی۔
امید ہے کہ وہ صحتیاب ہو کر جلد شوٹنگ دوبارہ شروع کریں گے اور فلم کو شیڈول کے مطابق ریلیز کیا جائے گا تاکہ مداح ایک بار پھر اپنے پسندیدہ اسٹار کو بڑے پردے پر دیکھ سکیں۔