فاروق ستار کو اپنی جماعت کے ماضی پر نظر ڈالنی چاہیے، عوام اب سچ اور جھوٹ میں فرق جان چکے ہیں: بیرسٹر ارسلان

کراچی – بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ڈاکٹر فاروق ستار کی حالیہ پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اب جھوٹ، ماضی کی تباہ کاریاں اور آج کی خدمت میں واضح فرق پہچان چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فاروق ستار ہم پر الزامات لگانے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکیں۔ وہ آج بھی اس جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے کراچی کو بوری بند لاشوں، لسانی نفرت اور منظم تشدد کا مرکز بنایا۔
بیرسٹر ارسلان نے کہا کہ 12 مئی 2007 کا دن کراچی کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، جس میں درجنوں افراد کو گولیوں سے بھون ڈالا گیا، میڈیا ہاؤسز، فیکٹریاں اور گاڑیاں جلا دی گئیں، زخمیوں کو یرغمال بنایا گیا اور شہر کو خون میں نہلا دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ ایک سیاسی طاقت کے مظاہرے کے طور پر کیا گیا، اگر فاروق ستار میں ذرا بھی ضمیر باقی ہے تو وہ اس جماعت سے علیحدگی اختیار کریں اور کراچی کے عوام سے معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صرف انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے خستہ حال عمارتوں کے خلاف عدالتی رہنمائی کے تحت کارروائیاں کر رہی ہے، کسی کو بے گھر کرنا مقصد نہیں، لیکن انسانی جانیں مقدم ہیں۔
بیرسٹر ارسلان نے مزید کہا کہ فوجی آمریت کے زیر سایہ کراچی کے وہ 10 سال لسانی، ادارہ جاتی اور سماجی زوال کا دور تھے، جہاں جعلی این او سیز، رفاحی زمینوں پر قبضے، منظم بھتہ خوری اور مافیا راج عروج پر تھے۔ اگر احتساب ہونا چاہیے تو انہی سالوں کا ہونا چاہیے۔
انہوں نے وزیر بلدیات سعید غنی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعید غنی نے بلدیاتی نظام کو بااختیار، فعال اور شفاف بنایا ہے۔ ترقیاتی فنڈز اور اختیارات اب یونین کونسل کی سطح پر منتقل ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعید غنی صرف باتیں نہیں کرتے، انہوں نے تعلیم، صفائی اور شہری سہولیات کے شعبوں میں عملی اقدامات کر کے مقامی حکومت کو حقیقت میں بدلا ہے۔
بیرسٹر ارسلان نے فاروق ستار سے مطالبہ کیا کہ اگر وہ واقعی اصلاحات کے حامی ہیں تو سب سے پہلے نفرت، خوف اور تباہی کی سیاست کرنے والی جماعت سے علیحدگی اختیار کریں اور عوامی معافی کے ساتھ جمہوری سیاست کا حصہ بنیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اردو بولنے والوں اور سندھیوں کو برابر کا شہری سمجھتی ہے، ہم لسانی سیاست نہیں، بھائی چارے اور عوامی خدمت کی سیاست کرتے ہیں۔
بیرسٹر ارسلان نے کہا کہ سندھ حکومت شفافیت، ترقی، قانون کی بالادستی اور عوامی فلاح کے ویژن پر کاربند ہے، اور منفی سیاست کا جواب صرف کارکردگی سے دیا جائے گا۔