شمعون عباسی کا سخت ردعمل: ’’ذمے داری والدین کی تھی، الزام دوسروں پر کیوں؟‘‘

اداکار شمعون عباسی نے اداکارہ حمیرا اصغر علی کی والدہ کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، جس میں کراچی کے شہریوں کو ’’بے حس‘‘ اور ’’بے درد‘‘ قرار دیا گیا تھا۔ شمعون عباسی کا کہنا ہے کہ دوسروں پر الزامات عائد کرنا آسان ہے، جبکہ بیٹی کی خبر رکھنا والدین کی بنیادی ذمے داری تھی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل حمیرا کی والدہ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں اپنی بیٹی کی تنہائی اور موت پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی بیٹی کے فلیٹ سے چیخیں سنائی دے رہی تھیں لیکن کراچی کے لوگ بےحسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیر و تفریح میں مصروف رہے۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا: ’’میں لعنت بھیجتی ہوں کراچی کے لوگوں پر۔‘‘
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر والدین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ صارفین نے سوال کیا کہ اگر والدین خود اپنی بیٹی سے لاپروا رہے، یہاں تک کہ میت لینے سے بھی انکار کیا، تو پھر شہر والوں کو الزام دینا کس حد تک درست ہے؟
اپنے ویڈیو بیان میں شمعون عباسی نے کہا کہ وہ والدین کے دکھ کو سمجھتے ہیں، لیکن یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ جب حمیرا نے مدد مانگی تو اس کے اپنے والدین نے مدد کرنے سے انکار کیا۔ ان کے بقول، ’’جب سوشل میڈیا پر شور اٹھا، تب خاندان متحرک ہوا اور موقف بھی بدل گیا۔‘‘
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ اگر مالی حالات اجازت نہیں دیتے تھے، تو کم از کم لاہور سے کسی قریبی رشتہ دار یا جاننے والے کو کراچی بھیجا جا سکتا تھا، یا پولیس کی مدد لی جا سکتی تھی۔ مگر افسوس کہ ایسا کچھ نہ ہوا۔
اداکار نے مزید انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری کے کئی افراد اور این جی اوز نے تیاریاں کر رکھی تھیں کہ اگر خاندان میت نہ لے تو وہ تدفین کا بندوبست کریں گے۔ ان کے مطابق، ’’یہ صرف باتیں نہیں تھیں بلکہ باقاعدہ انتظامات کیے جا رہے تھے۔‘‘
آخر میں شمعون عباسی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے ہمیں اپنے فرائض اور ذمے داریاں پہچاننی چاہییں۔ ’’بیٹی آپ کی تھی، قربت آپ کے ساتھ تھی، تو اس کی خبر رکھنا بھی آپ کی ذمے داری تھی — نہ کہ پورے شہر کی۔‘‘