ایک حالیہ انٹرویو میں سینئر اداکارہ نشو بیگم سے ان کی چوتھی شادی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ زندگی سے لطف اندوز ہو رہی ہیں اور موصول ہونے والی شادی کی پیشکشوں کو انکار کر رہی ہیں۔
نشو بیگم نے واضح کیا کہ ان کے بچوں کو ان کی شادی سے کوئی اعتراض نہیں، اور اگر اللہ نے ان کے مقدر میں چوتھی شادی لکھی ہے تو وہ ضرور ہوگی کیونکہ یہ اللہ کے کام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کا تعلق عمر سے نہیں بلکہ نصیب سے ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب جیسے ممالک میں بیوہ یا طلاق یافتہ عورت کی فوری شادی کرا دی جاتی ہے، وہاں عورت کی کئی بار شادیاں ہونا عام بات ہے، مگر ہمارے معاشرے میں نکاح کو ایک مسئلہ بنا دیا گیا ہے۔
نشو بیگم نے کہا کہ جب دین اجازت دیتا ہے تو اگر مقدر میں ہوا تو وہ چوتھی شادی بھی ضرور کریں گی۔
یاد رہے کہ نشو بیگم کی پہلی شادی 1970ء میں ہوئی جو 1976ء میں طلاق پر ختم ہوئی۔ بعد ازاں 1978ء میں انہوں نے مصنف تسلیم فضلی سے دوسری شادی کی جو 1982ء میں انتقال کر گئے۔ 1986ء میں انہوں نے ہدایت کار جمال پاشا سے تیسری شادی کی جو 2019ء میں وفات پا گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے اداکارہ کی چوتھی شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں تاہم اداکارہ کے حالیہ بیان کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔