بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سعودی عرب جلد ہی ایک نئے رضاکارانہ پینشن اور بچت پروگرام کا آغاز کرنے جا رہا ہے، جو مقامی اور غیر ملکی ورکرز دونوں کے لیے دستیاب ہوگا۔
یہ پروگرام مقامی بچت کو فروغ دینے اور ترسیلات زر میں کمی لانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ صرف گزشتہ سال سعودی عرب سے غیر ملکی ترسیلات 14 فیصد بڑھ کر 144.2 بلین ریال تک جا پہنچی تھیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ آئندہ پروگرام گھریلو بچتوں کو بڑھانے اور معیشت کو طویل مدتی استحکام دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آئی ایم ایف نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شفافیت اور مالیاتی انکشافات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔