ساحر لودھی کی پاپرازی ویڈیوز پر یاسر نواز کا مزاحیہ ردعمل، سوشل میڈیا پر دھوم

ان دنوں سوشل میڈیا پر میزبان اور اداکار ساحر لودھی کی بنائی گئی پاپرازی طرز کی ویڈیوز خوب وائرل ہو رہی ہیں، جو دلچسپ بات یہ ہے کہ انہی کے ذاتی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی جا رہی ہیں۔ ان ویڈیوز میں ساحر اس انداز میں نظر آتے ہیں جیسے وہ لاعلم ہوں کہ کوئی ان کی ویڈیو بنا رہا ہے، حالانکہ کیمرا مین بھی ان ہی کی ٹیم کا فرد ہوتا ہے اور ویڈیوز کی پوسٹنگ بھی خود ان کے آفیشل پیج سے کی جا رہی ہے۔
ان مناظر کو دیکھ کر صارفین نے دلچسپ اور طنزیہ تبصرے شروع کر دیے، جن میں کئی لوگ ان کے “اتفاقیہ انداز” کو مضحکہ خیز قرار دے رہے ہیں۔ اس معاملے میں صرف عام سوشل میڈیا صارفین ہی نہیں بلکہ شوبز کے ستارے بھی میدان میں آ چکے ہیں۔
معروف اداکار و ہدایت کار یاسر نواز نے ان ویڈیوز کا مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے ساحر لودھی کی نقل اتارنے کی ایک دلچسپ ویڈیو بنا ڈالی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یاسر، ساحر کی طرز پر اچانک چونکتے ہیں جیسے انہیں علم ہی نہ ہو کہ ویڈیو بن رہی ہے، جبکہ کیمرہ چلا رہی ہوتی ہیں ان کی اہلیہ اور اداکارہ ندا یاسر۔
یہ طنزیہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر چھا گئی، اور صارفین نے اس پر بھی دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔
ایک صارف نے شوخی سے لکھا،
“ساحر بھائی، بھارت میں ایک بندہ ہے شاہ رخ خان، لگتا ہے وہ آپ کو کاپی کر رہا ہے!”
جبکہ ایک اور صارف نے لکھا:
“ساحر لودھی کو ہر طرف سے کیمرہ مین گھیر لیتے ہیں، کوئی تو انہیں بچائے!”
یہ ویڈیوز اور ان پر ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجودگی جتنی طاقتور ہو سکتی ہے، اتنی ہی تیز رفتاری سے طنز و مزاح کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے — اور ساحر لودھی ان دنوں اس کا عملی مظاہرہ ہیں۔