روسی طیارہ حادثہ: تمام 49 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ، امدادی کام جاری

روس میں پیش آنے والے افسوسناک فضائی حادثے میں تمام 49 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جن میں 5 معصوم بچے بھی شامل تھے۔
برطانوی جریدے دی سن کی رپورٹ کے مطابق یہ مسافر طیارہ خاباروفسک–بلاگوویشچینسک–ٹنڈا روٹ پر سفر کر رہا تھا، جب وہ لینڈنگ کی دوسری کوشش کے دوران اچانک لاپتہ ہو گیا۔ یہ واقعہ ٹنڈا ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں شدید موسم اور حد نگاہ کی کمی کو حادثے کا ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، لیکن گھنے جنگلات اور خراب موسم امدادی کاموں میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق اب تک کسی بھی زندہ شخص کے آثار نہیں مل سکے۔ اس حادثے کو روس کی حالیہ ہوابازی کی تاریخ کا ایک اور المناک باب قرار دیا جا رہا ہے۔
متاثرہ خاندانوں کو سانحے کی اطلاع دے دی گئی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔