راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج آزاد ہیں اور وہ دراصل ہماری آزادی کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ ان کے مطابق جو پابندیاں آج دیکھنے کو مل رہی ہیں وہ بادشاہت کے دور میں ہوا کرتی تھیں۔
جاوید ہاشمی نے موجودہ سیاسی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاست کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش ہو رہی ہے، جبکہ جو لوگ آئین اور جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں وہ دراصل ایک جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کچھ نہ کچھ تو بچنا چاہیے، مگر بدقسمتی سے عدلیہ کی آزادی پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں عمران خان کو گارنٹی دی گئی تھی کہ 4 حلقے کھولے جائیں گے اور پھر انتخابات ہوں گے۔ “میں نے اس وقت بانی پی ٹی آئی کو سمجھایا تھا کہ اسمبلی پر چڑھائی کے حق میں نہیں ہوں اور یہ قوم سے دوری کا باعث بنے گی۔”
جاوید ہاشمی کے مطابق اب بانی پی ٹی آئی کو بھی ان کی بات سمجھ آ گئی ہے، اسی لیے وہ کہہ رہے ہیں کہ “آخری سانس تک لڑوں گا۔” انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ 9 مئی کے واقعات پر بانی پی ٹی آئی ذمہ دار نہیں تھے، پھر اس پر انکوائری کمیشن کیوں نہیں بنایا جاتا؟