نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے او آئی سی کے 21ویں غیر معمولی وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عطاف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں فلسطین خصوصاً غزہ کی تشویشناک صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ تینوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں فوری انسانی امداد کی ترسیل، جنگ بندی اور دیرپا امن وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر مسلم اُمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے ہی فلسطینی عوام کی مشکلات کم کی جاسکتی ہیں۔
اسحاق ڈار نے شمالی افریقہ کے برادر ممالک مصر اور الجزائر کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان باہمی روابط اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔