“اسٹیٹ بینک کا نیا فریم ورک: بینک اکاؤنٹ کھولنا اب مزید آسان، آن لائن سہولت بھی دستیاب”

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو صارفین کے لیے مزید آسان اور معیاری بنانے کے لیے نیا فریم ورک متعارف کرا دیا ہے۔
نئے نظام کے تحت اکاؤنٹ کھولنے کے لیے درکار دستاویزات کا بوجھ کم کیا گیا ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ عام صارف کو بینک اکاؤنٹ کھلوانے میں دو دن سے زیادہ وقت نہ لگے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ صارفین کو یہ سہولت بھی فراہم کی جائے گی کہ وہ اپنی درخواست کا اسٹیٹس خود ٹریک کر سکیں، تاکہ پورا عمل شفاف اور صارف دوست بنے۔
اب اکاؤنٹ کھلوانے کے عمل کو مزید آسان، محفوظ اور مؤثر بنایا گیا ہے، اور صارفین تمام اقسام کے بینک اکاؤنٹس آن لائن بھی کھول سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے تاجروں کو اکاؤنٹ کھولنے میں مکمل معاونت فراہم کریں اور ہر تاجر کے پاس کم از کم ایک ڈیجیٹل ادائیگی کا طریقہ ضرور موجود ہو۔
مرکزی بینک کے مطابق یہ اقدامات مالی شمولیت کو فروغ دینے، نقد ادائیگیوں کو ڈیجیٹل میں تبدیل کرنے اور بینکنگ نظام سے باہر افراد کو معاشی نظام میں لانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔