غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ارجنٹینا کے صدر جیویئر میلائی پر صوبہ بیونس آئرس کے علاقے لوماس ڈی زومارا میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر میلائی گاڑی کی چھت پر کھڑے ہوکر حامیوں سے خطاب کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر صدر کو وہاں سے اتار کر آرمڈ کار میں منتقل کیا، جس کے باعث وہ محفوظ رہے۔ تاہم پتھراؤ کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوئے۔
صدارتی ترجمان مینوئل ایڈورنی نے الزام عائد کیا کہ یہ حملہ اپوزیشن جماعت پیرونسٹ سے منسلک گروپ نے کیا ہے، جبکہ حکومتی ذرائع نے اس کی ذمہ داری سابق صدر کرسٹینا فرنانڈز کے قریب سیاسی کارکنوں پر ڈال دی۔
خیال رہے کہ 7 ستمبر کو بیونس آئرس صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات صدر میلائی اور ان کی حکمران جماعت لبریٹاڈ ایوانزا کے لیے ایک بڑا امتحان سمجھے جا رہے ہیں، جہاں ان کا مقابلہ اپوزیشن پیرونسٹ پارٹی سے ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ انتخابات نہ صرف مقامی بلکہ قومی سیاست پر بھی گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔